حضرت علامہ پیر سیّد نصیرالدین نصؔیر شاہ گیلانی رح
پیر سیّد نصیرالدین نصؔیر ایک شاعر، ادیب، محقق، خطیب، عالم اور صوفی باصفا تھے۔
آپ اردو، فارسی اور پنجابی زبان کے شاعر تھے۔
اس کے علاوه عربی، ہندی، پوربی اور سرائیکی زبانوں میں بھی شعر کہے.
اسی وجہ سے انہیں "شاعرِ ہفت زبان" کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔
آپ پیر سیّد غلام معین الدین کے فرزند ارجمند اور پير مہر علی شاہ رح کے پڑپوتے تھے۔ آپ کی ولادت 14 نومبر 1949عیسوی میں گولڑه شریف میں ہوئی۔ آپ گولڑہ شریف کی درگاہ کے سجادہ نشین تھے۔
پیر سیّد نصیرالدین نصؔیر گیلانی علم و عرفان کے جیّد عالم، شہرہ آفاق نعت گو شاعر، سچے عاشقِ رسولﷺ اور ممتاز روحانی پیشوا تھے جو آسمانِ رشد و ہدایت پر آفتاب و ماہتاب بن کر چمکے۔ اُن کی مذہبی، روحانی، ملی، علمی اور ادبی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔
پیر سیّد نصیرالدین نصؔیر بظاہر ایک فرد، ایک شخصیت تھے مگر حقیقت میں ایک ادارہ، ایک انجمن اور دینی علوم کا ایک منبع و مخزن تھے۔ وہ ایک عظیم صوفی، پیرِ کامل، مردِ قلندر، عظیم قاری، شاعر، ادیب، نقاد اور خطیب تھے۔